226

سعودی حکومت نے چھٹی پر گئے پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے ویزے کی مدت میں مزید توسیع کر دی

بین الاقوامی پروازوں کی بندش کی وجہ سے مملکت واپس آںے سے قاصر تارکینِ وطن کے ویزوں کی میعاد میں بغیر کسی فیس کے مزید تین ماہ کی توسیع کردی گئی



سعودی حکومت نے چھٹی پر گئے پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے ویزے کی مدت میں مزید توسیع کر دی، بین الاقوامی پروازوں کی بندش کی وجہ سے مملکت واپس آںے سے قاصر تارکینِ وطن کے ویزوں کی میعاد میں بغیر کسی فیس کے مزید تین ماہ کی توسیع کردی گئی۔ العربیہ نیوز کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے مملکت واپس آنے سے قاصر غیر ملکیوں کے ویزے کی مدت میں مزید اضافہ کر دیا جائے۔

اس حوالے سے سعودی عرب کی پاسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلہ سے استفادہ کرنے والوں میں وہ تمام غیر ملکی شامل ہوں گے جن کے خروج اور دوبارہ داخلے کے ویزوں کی میعاد سعودی عرب میں پروازوں کی معطلی کے دوران میں ختم ہوگئی ہے۔

ایسے غیر ملکیوں کے ویزے کی مدت بنا کسی فیس کے مزید 3 ماہ کیلئے بڑھا دی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ کورونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب نے بھی مارچ کے وسط میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت پر پابندی عائد کردی تھی۔

سعودی حکومت نے فضائی کیساتھ زمینی آمد و رفت بھی بند کر دی تھی۔ بعد ازاں سعودی حکومت نے مئی کے آخر میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے عائد پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی کرنا شروع کر دی تھی۔ سعودی حکومت نے 31 مئی کو اندرون ملک پروازوں پرعائد پابندی ختم کردی تھی، جبکہ عائد دیگر کئی پابندیاں بھی ختم کر دی گئیں۔ گزشتہ ہفتے سعودی حکومت نے 3 ممالک کیساتھ زمینی راستے بھی جزوی طور پر کھول دیے تھے۔

تاہم سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی معمول کی آمد و رفت پر تاحال پابندی برقرار ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے غور و فکر کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جب تک سعودی عرب میں معمول کی بین الاقوامی پروازیں بحالی نہیں ہوتیں، چھٹی پر گئے تارکین وطن مملکت واپس نہیں لوٹ سکتے۔